
خیبر پختونخوا کے اضلاع کوہاٹ اور صوابی میں دہشت گردی کے دو الگ الگ واقعات کے نتیجے میں 12 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 18 حملہ آور بھی مارے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق کوہاٹ کے علاقے درابو کچ میں پولیس ٹیم اس وقت حملے کی زد میں آئی جب وہ غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی مکمل کرکے واپس جا رہی تھی۔
ابتدائی اطلاعات کیمطابق مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر اچانک حملہ کردیا، جسکے نتیجے میں 10 اہلکار شہید ہوئے۔ پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا، جسکے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 18 مسلح افراد ہلاک ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اور مقامی انتظامیہ نے علاقے میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا تھا۔ واپسی کے دوران پیش آنے والے اس واقعے کے بعد حملے میں ملوث عناصر کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
ادھر صوابی میں منصوری پولیس چوکی پر مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق شہید ہونے والوں کی شناخت ولید اور ذوالفقار کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی اہلکار محمد شاہد کو فوری طور پر باچا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کردی۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں واقعات کے بعد متعلقہ علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں، جبکہ حملوں میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔









