
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال میں مہارت حاصل کرنا ہر فوجی کی بنیادی تربیت کا اہم حصہ ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق بہترین نشانہ بازی اور درستگی ایک پیشہ ور فوجی کی نمایاں خصوصیات ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ بات انہوں نے جہلم میں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کی 46ویں سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب آرمی مارکس مین شپ یونٹ میں منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مہمان خصوصی جبکہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف مہمان اعزاز تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلوں میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، سول آرمڈ فورسز، رینجرز، گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور مختلف صوبوں سمیت سویلین ٹیموں کے 1500 سے زائد نشانہ بازوں نے حصہ لیا۔
مقابلوں کے دوران چوتھی انٹر سروسز کومبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ کی ٹرافی پاکستان آرمی نے حاصل کی، جبکہ آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے پرائم منسٹر اسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج میچ میں کامیابی اپنے نام کی۔
شوٹنگ کے اعلیٰ فوجی اعزاز ماسٹر ایٹ آرمز ٹرافی، جسے ڈولی کپ بھی کہا جاتا ہے، پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان نے جیتی۔ پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی اور انفنٹری اسکواڈ مقابلوں میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کی۔
تقریب کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے شرکا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور نشانہ بازی میں مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوجی اہلکاروں کے لیے بنیادی عسکری تربیت کے دوران چھوٹے ہتھیاروں پر مکمل عبور حاصل کرنا ضروری ہے۔
اس سے قبل آرمی مارکس مین شپ یونٹ آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔









