کراچی: ایم اے جناح روڈ پر پرائم سینٹر میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ کی کارروائیاں جاری

0
27
کراچی: ایم اے جناح روڈ پر پرائم سینٹر میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ کی کارروائیاں جاری

کراچی: شہر کے مصروف تجارتی مرکز ایم اے جناح روڈ پر رمپا پلازہ کے قریب واقع پرائم سینٹر میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد فائر بریگیڈ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر لگی، جس کے نتیجے میں اطراف کے علاقے میں دھواں پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے میں مصروف ہوگئیں۔

ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے آگ کو عمارت کی بالائی منزلوں اور قریبی دکانوں تک پھیلنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، جبکہ متاثرہ حصے کو حفاظتی حصار میں لے لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ آگ لگنے کی وجوہات اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کا تعین کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیا جاسکے گا۔

واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پیدا ہوگئی ہے جبکہ فائر فائٹرز کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

Leave a reply