ٹرمپ نے نیتالی بیکر کو پاکستان میں امریکی سفیر نامزد کر دیا

0
20
ٹرمپ نے نیتالی بیکر کو پاکستان میں امریکی سفیر نامزد کر دیا

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان میں امریکا کی موجودہ قائم مقام ناظم الامور نیتالی بیکر کو باضابطہ سفیر نامزد کر دیا ہے۔ نامزدگی کی حتمی منظوری کے لیے معاملہ امریکی سینیٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق نیتالی بیکر کی نامزدگی کا جائزہ پہلے سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی لے گی۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد یہ معاملہ سینیٹ کے مکمل ایوان میں ووٹنگ کے لیے پیش کیا جائے گا۔ توثیق کی صورت میں وہ پاکستان میں امریکی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔

نیتالی بیکر اگست 2024 میں اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی ڈپٹی چیف آف مشن تعینات ہوئی تھیں، جبکہ جنوری 2025 میں سابق امریکی سفیر ڈونلڈ آرمین بلوم کی روانگی کے بعد انہیں قائم مقام ناظم الامور مقرر کیا گیا تھا۔

پاکستان میں تعیناتی سے قبل بیکر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارت خانے میں نائب سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ لیبیا میں امریکی مشن کی ڈپٹی چیف آف مشن اور قائم مقام ناظم الامور بھی رہ چکی ہیں۔

ان کے سفارتی تجربے میں دبئی میں ایران ریجنل پریزنس آفس کی ڈپٹی ڈائریکٹر، کویت میں اقتصادی امور کی مشیر اور امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف نیئر ایسٹرن افیئرز میں شمالی افریقہ کے امور کی ڈائریکٹر کے عہدے بھی شامل ہیں۔

بیکر نے 2009 سے 2011 کے دوران لیبیا میں سیاسی و اقتصادی امور پر بھی کام کیا۔ فروری 2011 میں لیبیا میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے دوران وہ وہاں موجود تھیں، جب امریکی سفارت خانے کے عملے کو ملک سے نکالنا پڑا تھا۔

سینیٹ سے منظوری کے بعد نیتالی بیکر پاکستان میں امریکا کی مستقل سفیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں گی۔

Leave a reply