دنیا بدل رہی ہے، پاکستان نے بھی اپنی ترجیحات واضح کردیں، اسحاق ڈار کا اہم بیان

0
26
دنیا بدل رہی ہے، پاکستان نے بھی اپنی ترجیحات واضح کردیں، اسحاق ڈار کا اہم بیان

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں پاکستان کی قومی سلامتی، معاشی استحکام اور عوام کی خوشحالی حکومت کی بنیادی ترجیحات ہیں، جن کے حصول کے لیے مضبوط داخلی نظام اور مؤثر خارجہ پالیسی ناگزیر ہے۔

اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ دنیا اس وقت سیاسی، معاشی اور تزویراتی سطح پر بڑی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے۔ عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث تنازعات اور غلط فہمیوں کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی معاملات میں عسکری طاقت کے استعمال میں اضافے سے سفارتی کوششوں کے مواقع محدود ہو رہے ہیں، جبکہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو بھی سیاسی اختلافات اور بین الاقوامی قوانین پر غیر یکساں عمل درآمد جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

وزیر خارجہ کے مطابق چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم بنیاد ہے، تاہم پاکستان امریکا کے ساتھ بھی مثبت اور تعمیری تعلقات برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔ اس کے علاوہ خلیجی ممالک، یورپی ریاستوں، وسطی ایشیا، جاپان، مصر اور ملائیشیا سمیت مختلف ممالک کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مکہ معاہدہ دفاعی اور تکنیکی اشتراک پر مبنی ہے۔ اس کا مقصد کسی ملک کے خلاف محاذ آرائی نہیں بلکہ علاقائی امن، استحکام اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں معیشت اور جغرافیائی سیاست ایک دوسرے سے گہرا تعلق اختیار کر چکے ہیں۔ عالمی سطح پر تجارت، توانائی اور ٹیکنالوجی تک رسائی بھی ممالک کے درمیان تزویراتی مقابلے کا اہم حصہ بن گئی ہے۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نئے چیلنجز پیدا کر رہی ہے، جن سے نمٹنے کے لیے مؤثر ضابطہ کار، شفافیت اور جوابدہی کے نظام کو فروغ دینا ضروری ہے۔

انہوں نے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے، روزگار پیدا کرنے، کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے مضبوط اداروں اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

Leave a reply