ریاض میں آرامکو کی عمارت پر حملے کی کوشش، پاکستان کا سخت ردعمل سامنے آگیا

0
21
ریاض میں آرامکو کی عمارت پر حملے کی کوشش، پاکستان کا سخت ردعمل سامنے آگیا

اسلام آباد: پاکستان نے  ریاض میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حملے کی کوشش کی سخت مذمت کرتےہوئے سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری اور غیر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔

پاکستان نے حوثی گروپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے خلاف حملوں اور اشتعال انگیز کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔

دفتر خارجہ نے اپنے مؤقف میں واضح کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کی حمایت جاری رکھے گا۔

یہ ردعمل اس واقعے کے بعد سامنے آیا جس میں یمن کے حوثی گروپ نے ریاض کے شاہ عبداللہ مالیاتی ضلع میں واقع سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت کو نشانہ بنانے کی کارروائی کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

سعودی وزارت توانائی کے مطابق واقعے کے دوران گرے ہوئے شیل کے ٹکڑوں سے عمارت کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

واقعے کے بعد سعودی سول ڈیفنس نے ریاض کے شہریوں کے لیے حفاظتی ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں محفوظ مقامات پر رہنے اور کھڑکیوں اور دروازوں سے فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ ہنگامی انتباہ واپس لے لیا گیا۔

دوسری جانب حوثی گروپ نے دعویٰ کیا کہ اس نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے متعدد اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جن میں ریاض کا مالیاتی ضلع، ہوائی اڈہ اور سعودی عرب کے توانائی کے مراکز شامل تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دوستانہ، دفاعی اور اسٹریٹجک تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک نے باہمی سلامتی کے تحفظ اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ بھی کر رکھا ہے۔

Leave a reply