لنڈی کوتل میں پراسرار بیماری کا پھیلاؤ، ایک ہی خاندان کے پانچ بچے جاں بحق

0
26
لنڈی کوتل میں پراسرار بیماری کا پھیلاؤ، ایک ہی خاندان کے پانچ بچے جاں بحق

لنڈی کوتل: خیبر پختونخوا کے علاقے لنڈی کوتل میں ایک ہی خاندان کے پانچ کمسن بچے پراسرار بیماری کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ دو دیگر متاثرہ بچوں کو پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ ذخہ خیل کے علاقے قاضیانو کلے میں پیش آیا، جہاں ایک ہی خاندان کے سات بچے اچانک بے ہوش ہوگئے۔ بچوں کو فوری طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم راستے میں پانچ بچوں نے دم توڑ دیا۔

جاں بحق ہونے والے بچوں میں تین بچیاں اور دو لڑکے شامل ہیں، جن کی عمریں پانچ سال سے کم بتائی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا اور زیر علاج دونوں بچوں کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر انہیں بچوں کے علاج اور طبی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

ابتدائی طبی رپورٹس کے مطابق متاثرہ بچوں کے کیلشیم اور میگنیشیم سمیت پی ٹی اور آئی این آر کے نتائج معمول کے مطابق ہیں، جبکہ فراہم کردہ معلومات میں ہیموگلوبن کی سطح 11.7 اور پلیٹ لیٹس کی تعداد 634 ریکارڈ کی گئی ہے۔

ڈاکٹروں نے مرض کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے بلڈ کلچر، سی ٹی اسکین اور دیگر ضروری طبی ٹیسٹ تجویز کیے ہیں۔

پولیس کے مطابق بچوں کی اچانک بے ہوشی اور اموات کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔ واقعے کی مزید تحقیقات اور متاثرہ بچوں کی بیماری کی تشخیص کے لیے طبی ماہرین کام کر رہے ہیں۔

Leave a reply