
فیصل آباد: شاپنگ مال میں خاتون سیلز گرل کو تشدد کا نشانہ بنانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے بعد تھانے میں متاثرہ خاتون نے بھی ملزم کو تھپڑ مارے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے ایک شاپنگ مال میں خواتین کے لیے مختص حصے میں مبینہ طور پر زبردستی داخل ہونے والے شخص نے وہاں کام کرنے والی خاتون سیلز گرل پر تشدد کیا تھا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معاملے کا نوٹس لیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر واقعے سے متعلق ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شخص کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی کمزور شہری کو تشدد یا خوف کا نشانہ بنائے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ روزگار کے لیے گھر سے نکلنے والی خواتین سمیت کسی بھی عام شہری کو ہراساں کرنے یا اس پر تشدد کرنے والوں کو قانون کے مطابق جواب دہ ہونا پڑے گا۔
ان کے مطابق ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرے اور طاقت یا اثرورسوخ کی بنیاد پر قانون سے بچنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ شہریوں کے ساتھ زیادتی اور اختیارات کے غلط استعمال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔









