مژدہ جانفراء

فضائے بسیط کے صر صر ایسے ماحول میں اخبارات ہی کے ذریعے بڑے بڑے مژدے ”جانفرا“ سننے میں آ رہے ہیں،چند ہی یوم کی بات ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے اپنی طرف سے اہل وطن کو سنائی کہ عالمی معاشی بے چینی اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں مہنگائی بڑھ سکتی ہے یہ بات انہوں نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز) میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے کہ محصولات میں اضافہ ہو اور ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے، حقیقت یہ ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ سمیت وابستگانِ اقتدار بڑی شدو مد سے ایک ہی لے میں کہہ رہے ہیں کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔بلاشبہ ایسا ضرور ہو گا مگر اس راز سے پردہ سرکا دینا بھی قوم کو اعتماد میں لینے کیلئے ضروری ہے کہ ایک طویل تگ و دو کے بعد بھی بیرونی ممالک کے سرمایہ دار ارضِ وطن میں سرمایہ کاری کیلئے ابھی تک کیوں آمادہ نہیں ہو رہے اور ان کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے میں کون سی قباحتیں آڑے آ رہیں،کیونکہ ایسا نہ ہونے کی صورت میں یقینا ملک بھر کے عوام کی کروڑوں سے عبارت اکثریت اقتصادی بدحالی کے بدترین دور کا شکار رہے گی۔وجوہ کچھ بھی ہوں، مگر یہ بات اقتصادی مسائل میں گرفتار عوام کیلئے انتہائی اذیت کا باعث ہیں کہ ان غربت کے مارے بیمار لوگوں کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی راہ میں مشکلات و مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی صدائے باز گشت لاہور ہائیکورٹ میں بھی سنی گئی ہے۔اس حوالے سے عدالت عالیہ کے جسٹس ملک جاوید اقبال وینس نے سرکاری ہسپتالوں میں عدم سہولیات درخواست پر حکم جاری کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو خوار نہ کریں وہاں پرچی سسٹم چار ہفتوں میں ختم کیا جائے، علاج کے عمل میں آسانی پیدا ہو، مریضوں کو پرچی کے حصول کیلئے لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی زحمت نہ دی جائے۔ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور آنے والے مریضوں کو فوری طبی امداد دی جائے۔عدالت نے طبی سہولتوں سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ حکم میں واشگاف الفاظ میں کہا گیا ہے کہ مریضوں کو علاج سے پہلے رجسٹریشن کاؤنٹر سے پرچی لینے کی پابندی سے آزاد کیا جائے۔
حال ہی میں ایوانِ بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران یہ عقدہ بھی کھل کر رہا کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر لیوی پر80روپے وصول کر رہی ہے اس سلسلے میں ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پٹرولیم پرویز ملک نے سینٹ کو بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات پر آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق80روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں بیشتر ریفائنریز پرانی ہونے کے باعث درآمدات پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ وزیر پٹرولیم نے ایک سوال پر وضاحت کی کہ پٹرول اور ڈیزل دونوں پر 80،80 روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جاتی ہے،ابھی تک یہ بات صیغہ راز میں ہے کہ عوام کی حالت ناگفتہ بہ کے باوجود حکومت پٹرول کی مد میں جو80 روپے فی لیٹر کے حساب سے لیوی وصول کر رہی ہے اس کی مجموعی مالیت اب تک کس قدر ہو چکی ہے اور اس کا مصرف کیا ہوتا رہا اور ہو رہا ہے اور اِس مہنگائی میں ایسے ناروا بوجھ کو کہاں تک برداشت کرتے رہیں گے۔
عصر حاضر میں پنجاب اسمبلی کی سپیشل کمیٹی کی طرف سے لاہور جمخانہ کلب کے معاملات کے بارے میں تاریخ میں پہلی بار سوالات اٹھانے میں ایک طرح سے ”جرأت“ کی سعی دیکھنے کو ملی ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین سمیع اللہ کی زیر صدارت کمیٹی کے اجلاس میں جمخانہ کلب کی تعمیرات کے منظور شدہ نقشے پیش نہ کئے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ کمیٹی کے رکن افتخار حسین کا کہنا ہے کہ عام شہری بغیر نقشے کے گھر نہیں بنا سکتا تو جمخانہ کی تعمیرات کا ریکارڈ کہاں ہے۔اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا کہ جمخانہ انتظامیہ کے مطابق 15 ایکڑ پر تعمیرات کی اجازت لی گئی لیکن میونسپل کارپوریشن نے جمخانہ کی تعمیرات کی منظوری دینے سے لاعلمی ظاہر کی ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین سمیع اللہ نے کہا کہ تعمیرات کی اجازت اور بلڈنگ پلان الگ ہوتا ہے۔اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ لیز کی خلاف ورزی پر لیز منسوخ ہو سکتی ہے۔اجلاس میں کمیٹی نے جمخانہ کلب کے منافع اور ٹیکس ادائیگیوں کی تفصیلات طلب کرنے کی تجویز پیش کی ہے وزیراعظم میاں شہباز شریف چند دِنوں تک روس کا دورہ کریں گے اس حوالے سے اہم اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیراعظم کے ہمراہ ایک بڑا تجارتی وفد بھی ماسکو جائے گا








