عالمی اقتصادی میدان میں پاکستان کا بڑا اعزاز، وزیراعظم خوشی سے نہال

0
0
عالمی اقتصادی میدان میں پاکستان کا بڑا اعزاز، وزیراعظم خوشی سے نہال

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (G-24) کی چیئرمین شپ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملکی سفارت کاری اور عالمی اقتصادی میدان میں ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اس اعزاز سے عالمی مالیاتی امور میں پاکستان کی نمائندگی اور ترقی پذیر ممالک کے مفادات کے لیے آواز اٹھانے کی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔

شہباز شریف نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزارت خزانہ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے دوران پاکستان کی جانب سے ادا کیے گئے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

وزیراعظم کے مطابق G-24 کی سربراہی پاکستان کو عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثرہ ممالک کے لیے منصفانہ مالی معاونت اور ترقی پذیر معیشتوں کے لیے پائیدار ترقی کے مواقع اجاگر کرنے کا مؤثر موقع فراہم کرے گی۔

Leave a reply