سردیوں میں بجلی صارفین پر اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ، دسمبر سے فروری تک مشکلات بڑھ سکتی ہیں

0
11
سردیوں میں بجلی صارفین پر اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ، دسمبر سے فروری تک مشکلات بڑھ سکتی ہیں

اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی صارفین کو رواں سال دسمبر، جنوری اور فروری کے دوران اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ سردیوں کے مہینوں میں بجلی کی پیداواری لاگت بڑھنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئندہ تین ماہ کے دوران بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) میں دو سے تین گنا اضافے کا خدشہ ہے، جس سے صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی ہو سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں ایل این جی، کوئلے اور دیگر ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بجلی کی پیداوار پر اخراجات بڑھ رہے ہیں۔ دوسری جانب موسم سرما میں مقامی گیس کی دستیابی بھی ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے، کیونکہ اس دوران گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے گیس کی فراہمی کو ترجیح دی جاتی ہے۔

سردیوں میں پانی کی کمی کے باعث پن بجلی کی پیداوار بھی محدود ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مہنگے ایندھن پر انحصار بڑھنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ مہینوں میں محدود لوڈ مینجمنٹ اور دیگر اقدامات کے ذریعے بجلی کی پیداواری لاگت اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے اثرات کم رکھنے کی کوشش کی گئی، تاہم عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آنے والے مہینوں میں یہ دباؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

اگر ایندھن کی قیمتیں بلند رہیں اور پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا تو اس کا اثر بجلی صارفین کے ماہانہ بلوں پر پڑ سکتا ہے۔

Leave a reply