راشد خان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 200 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے

0
7
راشد خان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 200 وکٹیں لینے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے

افغانستان کے اسٹار لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 200 وکٹیں مکمل کرلی ہیں۔ وہ اس اعزاز تک پہنچنے والے مردوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔

راشد خان نے یہ تاریخی کارنامہ جمعرات کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران انجام دیا۔ انہوں نے زمبابوے کے اوپنر تادیواناشے مارومانی کو پویلین کی راہ دکھا کر اپنی 200ویں وکٹ حاصل کی۔

افغان اسپنر نے یہ سنگ میل اپنے 120ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں عبور کیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ راشد خان نے اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا آغاز بھی 2015 میں زمبابوے کے خلاف کیا تھا اور تقریباً 11 سال بعد اسی ٹیم کے خلاف ایک اور تاریخی اعزاز حاصل کرلیا۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز کی فہرست میں انگلینڈ کے عادل رشید 171 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ہانگ کانگ کے احسان خان اور نیوزی لینڈ کے ایش سودھی 165، ٹم ساؤتھی 164 اور سری لنکا کے ونندو ہسارنگا 163 وکٹیں لے چکے ہیں۔

راشد خان مجموعی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی وکٹیں حاصل کرنے کے حوالے سے سرفہرست ہیں۔ وہ 551 میچز میں 742 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکے ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن 658 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

راشد خان کی یہ کامیابی نہ صرف افغان کرکٹ بلکہ عالمی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کا بھی ایک اہم سنگ میل ہے۔

Leave a reply