
کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اپنے فضائی بیڑے میں جدید بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے شامل کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ نئے طیاروں کو برطانیہ اور یورپ کے لیے پروازوں میں استعمال کیا جائے گا، جس سے بین الاقوامی فضائی آپریشن میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن نے نورس اٹلانٹک ایئرلائن سے دو بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے ابتدائی طور پر چھ ماہ کے لیے ویٹ لیز پر حاصل کیے ہیں۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیاروں کی تکنیکی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار کی سربراہی میں وفد نے ناروے کے اوسلو ایئرپورٹ پر پہلے طیارے کا معائنہ کیا۔ ضروری جانچ مکمل ہونے کے بعد اسے پاکستان کے لیے آپریشن کی اجازت دے دی گئی، جبکہ دوسرے طیارے کا معائنہ بھی شیڈول ہے۔
منصوبے کے تحت پی آئی اے 31 اکتوبر کو بوئنگ 787 ڈریم لائنر کے ذریعے لندن سے اسلام آباد کے لیے پرواز پی کے 786 چلائے گی۔ پرواز یکم نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے۔
طیارے میں 358 مسافروں کی گنجائش ہے۔ نئے طیاروں کی شمولیت سے مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ پی آئی اے اسی روز نئے یونیفارم متعارف کرانے کا منصوبہ بھی رکھتی ہے۔









