اے آئی کمپنی اینتھروپک میں انسانی لکھاری کی تلاش، سالانہ تنخواہ 9 کروڑ 55 لاکھ روپے تک

0
0
اے آئی کمپنی اینتھروپک میں انسانی لکھاری کی تلاش، سالانہ تنخواہ 9 کروڑ 55 لاکھ روپے تک

سان فرانسسکو: مصنوعی ذہانت کے تیزی سے بڑھتے ہوئے استعمال کے باوجود معروف اے آئی کمپنی اینتھروپک نے اعلیٰ سطح کے ابلاغ کے لیے تجربہ کار انسانی لکھاری کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی نے ایگزیکٹو کمیونیکیشنز رائٹر کی کل وقتی ملازمت کا اعلان کیا ہے، جس کے لیے سالانہ تنخواہ 3 لاکھ 45 ہزار امریکی ڈالر تک مقرر کی گئی ہے۔

ملازمت کے اشتہار کے مطابق، اس عہدے کی سالانہ تنخواہ 2 لاکھ 95 ہزار سے 3 لاکھ 45 ہزار ڈالر کے درمیان ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 8 کروڑ 20 لاکھ سے 9 کروڑ 55 لاکھ روپے بنتی ہے۔ اس عہدے کے لیے کم از کم آٹھ سال کا پیشہ ورانہ تجربہ درکار ہے۔

منتخب امیدوار کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ کام کرتے ہوئے تقاریر، مضامین، اہم بیانات اور دیگر ابلاغی مواد تیار کرے گا۔ اس کی ذمہ داریوں میں پیچیدہ تکنیکی معلومات کو سمجھ کر عام قارئین اور متعلقہ حلقوں کے لیے واضح اور مؤثر انداز میں پیش کرنا بھی شامل ہوگا۔

کمپنی ایسے امیدوار کی تلاش میں ہے جو مصنوعی ذہانت کی تحقیق، کاروباری حکمت عملی اور عوامی مفاد سے متعلق معاملات کو مؤثر تحریر کے ذریعے اجاگر کر سکے۔ اس کے علاوہ اہم تقریبات کی تیاری، فوری طور پر سامنے آنے والی خبروں پر ردعمل مرتب کرنے اور مختلف شعبوں کے ماہرین کے ساتھ رابطہ کاری بھی اس ملازمت کا حصہ ہوگی۔

اشتہار میں واضح کیا گیا ہے کہ امیدوار کے لیے بہترین تحریری صلاحیتوں کے ساتھ دباؤ میں کام کرنے، پیچیدہ حالات میں فیصلے کرنے اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق حکمت عملی ترتیب دینیکی مہارت بھی ضروری ہے۔

اینتھروپک بیرون ملک سے درخواست دینے والے موزوں امیدواروں کے لیے ویزا اسپانسرشپ کی سہولت فراہم کرنے پر بھی آمادہ ہے، تاہم ویزا منظوری کی ضمانت نہیں دی گئی۔

یہ ملازمت اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ اے آئی کے دور میں بھی انسانی مہارت، تخلیقی سوچ اور مؤثر ابلاغ کی اہمیت برقرار ہے۔

Leave a reply