
اسلام آباد: طالبہ لائبہ اعجاز کے مبینہ خودکشی کیس میں نامزد ملزم نعمان پولیس کی تحویل میں فائرنگ کے واقعے کے دوران زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نعمان کو تفتیش کے سلسلے میں اس کی نشاندہی پر سامان کی برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں زیرِ حراست ملزم نعمان زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور مبینہ طور پر ملزم کو چھڑانے کی کوشش کر رہے تھے۔ واقعے کے بعد ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نعمان اسلام آباد کے تھانہ رمنا کی حدود میں لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی سے متعلق درج مقدمے میں نامزد تھا۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔









