
موٹاپے کے علاج کے لیے سائنس دان ایک نئی تجرباتی دوا سی بی ایل 514 پر تحقیق کر رہے ہیں، جس کا مقصد جسم میں چربی کے خلیوں کو محض چھوٹا کرنے کے بجائے انہیں ختم کرنا ہے۔ ابتدائی نتائج میں اس دوا کے ممکنہ مثبت اثرات سامنے آئے ہیں، تاہم اس کی افادیت اور حفاظت کے لیے مزید تحقیق درکار ہے۔
تحقیقی نتائج کے مطابق، 12 ہفتوں تک انجکشن استعمال کرنے والے افراد کے ایک محدود گروپ میں پیٹ کے اندرونی اعضا کے گرد جمع چربی میں اوسطاً 12.01 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس، بے اثر انجکشن لینے والے افراد میں اسی مدت کے دوران یہ چربی 5.68 فیصد بڑھ گئی۔
ماہرین کے مطابق اندرونی چربی کی زیادتی ذیابیطس، بلند فشار خون اور دل کی بیماریوں کے خطرات میں اضافے سے منسلک ہے۔ نئی دوا میں خلیوں کو قدرتی طریقے سے ختم کرنے کے عمل، یعنی اپوپٹوسس، کو متحرک کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
محققین نے جانوروں پر تجربات میں اس دوا کو وزن کم کرنے والی دوا ٹیرزیپاٹائڈ کے ساتھ بھی آزمایا، جہاں حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔ تاہم، انسانوں میں اس امتزاج کے اثرات کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج ابتدائی ہیں اور بڑے پیمانے پر آزمائشوں کے بغیر حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔ دوا کے طویل مدتی اثرات، ممکنہ نقصانات اور وزن دوبارہ بڑھنے کے امکانات جانچنا بھی ضروری ہے۔









