شوہر موٹر سائیکل پارک کرتا رہ گیا، نئی نویلی دلہن دوست کے ساتھ فرار!

0
53
شوہر موٹر سائیکل پارک کرتا رہ گیا، نئی نویلی دلہن دوست کے ساتھ فرار!

گوالیار: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک نوجوان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کو چڑیا گھر کے باہر چھوڑ کر موٹر سائیکل پارک کرنے گیا تو واپسی پر وہ غائب تھی۔ شوہر نے الزام لگایا ہے کہ اس کی 18 سالہ بیوی کو ارمان خان نامی شخص اپنے ساتھ لے گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ گوالیار میں پیش آیا، جہاں ضلع شیوپوری کے علاقے ناروَر سے تعلق رکھنے والا 21 سالہ نوجوان اپنی نئی نویلی دلہن کے ہمراہ سیر کے لیے آیا تھا۔ دونوں کا ارادہ چڑیا گھر دیکھنے کے ساتھ رشتہ داروں سے ملاقات کرنے کا بھی تھا۔
اطلاعات کے مطابق چڑیا گھر پہنچنے پر نوجوان نے اپنی اہلیہ کو مرکزی دروازے کے قریب رکنے کو کہا اور موٹر سائیکل پارک کرنے چلا گیا۔ جب وہ واپس لوٹا تو اس کی اہلیہ وہاں موجود نہیں تھی۔ کافی تلاش کے باوجود خاتون کا کوئی سراغ نہ ملنے پر اسے شبہ ہوا کہ وہ کسی دوسرے شخص کے ساتھ چلی گئی ہے۔
واقعے کے بعد سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ طور پر ایک خاتون کو ایک شخص کے ساتھ موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ تاہم فوٹیج کی بنیاد پر خاتون کے وہاں سے جانے کے محرکات یا واقعے کے تمام حالات کی حتمی تصدیق نہیں ہوسکی۔
اہلیہ کی تلاش میں ناکامی کے بعد نوجوان اپنے چچا کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہنچا اور شکایت درج کرائی۔ اس نے اپنی درخواست میں ارمان خان نامی شخص پر الزام عائد کیا کہ وہ اس کی بیوی کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گیا ہے۔
پولیس کی تحقیقات جاری
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی حقیقت جاننے کے لیے چڑیا گھر اور قریبی علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ افراد کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا سراغ ملنے اور اس کا بیان ریکارڈ ہونے کے بعد ہی واضح ہوسکے گا کہ وہ اپنی مرضی سے گئی تھی یا اسے کسی نے ورغلا کر ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔
فی الحال شوہر کی جانب سے عائد کردہ الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کی چھان بین جاری ہے۔

Leave a reply