ادب کا نوبیل انعام کینیڈین ادیبہ این کارسن نے جیت لیا

2026 کا نوبیل انعام برائے ادب کینیڈا کی معروف شاعرہ اور مضمون نگار این کارسن کو دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
سوئیڈش اکیڈمی کے مطابق این کارسن نے اپنے منفرد اور بے باک ادبی کام کے ذریعے عصری ادب میں نئی جہتیں پیدا کیں۔ ان کی تحریروں میں قدیم یونانی و رومی ادب کے موضوعات اور تصورات کو شاعری، مضامین اور فکشن کے جدید اسلوب کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
ٹورنٹو میں پیدا ہونے والی این کارسن کی ادبی شناخت شاعری اور کلاسیکی ادب کے امتزاج کے حوالے سے نمایاں ہے۔ ان کی معروف تصانیف میں Eros the Bittersweet، Autobiography of Red اور Men in the Off Hours شامل ہیں۔
سوئیڈش اکیڈمی کی سیکرٹری اِن گرڈ کارل برگ کے مطابق انعام کی اطلاع دینے کے لیے جب این کارسن سے رابطہ کیا گیا تو وہ آئس لینڈ میں موجود تھیں۔
نوبیل انعام کے تحت این کارسن کو ایک کروڑ 20 لاکھ سوئیڈش کرونا کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔
گزشتہ برس ادب کا نوبیل انعام ہنگری کے ادیب لازلو کراسناہورکائی کو دیا گیا تھا۔
نوبیل انعامات کے سلسلے میں رواں ہفتے طب، طبیعیات اور کیمسٹری کے انعامات کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے، جبکہ امن کے نوبیل انعام کا اعلان 9 اکتوبر اور معاشیات کے انعام کا اعلان 12 اکتوبر کو متوقع ہے۔








