ڈی آئی خان: زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینس پر فائرنگ، 2 ریسکیو اہلکار شہید

0
47
ڈی آئی خان: زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینس پر فائرنگ، 2 ریسکیو اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں دھماکے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں مصروف ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو ریسکیو اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق درازندہ کے علاقے میں ایک چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں زخمیوں کو اسپتال منتقل کر رہی تھیں۔ اسی دوران ایمبولینس پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق فائرنگ سے امتیاز اور شریف نامی دو اہلکار جان کی بازی ہار گئے، جبکہ انیس نامی اہلکار زخمی ہوا، جسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اس سے قبل درازندہ میں امن میلہ کے قریب قائم مشترکہ چیک پوسٹ کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ مختلف اطلاعات کے مطابق دھماکے میں خواتین اور ایک بچے سمیت متعدد افراد جاں بحق جبکہ 35 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار زخمیوں اور جاں بحق افراد کو منتقل کرنے میں مصروف تھے کہ امدادی ٹیم کی ایمبولینس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

سرکاری ذرائع نے ایمبولینس پر حملے کا الزام فتنہ الخوارج پر عائد کیا ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

Leave a reply