یوٹیوب کا صارفین اور کریئیٹرز کیلئے نئے اے آئی فیچرز متعارف کرانے کا اعلان

0
18
یوٹیوب کا صارفین اور کریئیٹرز کیلئے نئے اے آئی فیچرز متعارف کرانے کا اعلان

ویب ڈیسک: ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے صارفین اور کانٹینٹ کریئیٹرز کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی کئی نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کے مطابق نئے ٹولز کے ذریعے صارفین کو اپنی پسند کا مواد تلاش کرنے، ویڈیوز کے دوران معلومات حاصل کرنے اور کریئیٹرز کو ویڈیوز تیار کرنے میں مزید سہولت ملے گی۔

نئے فیچرز میں ’Ask YouTube‘ بھی شامل ہے، جس کے ذریعے صارف ویڈیو دیکھتے ہوئے اس سے متعلق سوالات پوچھ سکے گا۔ یہ سہولت مصنوعات کی تلاش اور صارف کی دلچسپی کے مطابق مواد کی تجاویز حاصل کرنے میں بھی مدد دے گی۔

یوٹیوب ٹی وی صارفین کے لیے بھی اس فیچر کو وائس کمانڈ کے ذریعے استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

اس کے علاوہ پلیٹ فارم پر کسٹم فیڈز کا آپشن بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ صارف سادہ ٹیکسٹ پرامپٹس کے ذریعے اپنی ہوم فیڈ کو اپنی دلچسپیوں اور ترجیحات کے مطابق تبدیل کرسکیں گے۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت امریکا میں فراہم کی جائے گی۔

کریئیٹرز کے لیے بھی ایک نیا اے آئی ٹول پیش کیا جا رہا ہے، جس کی مدد سے ویڈیو ایڈیٹنگ کے مختلف مراحل ٹیکسٹ پرامپٹس کے ذریعے مکمل کیے جاسکیں گے۔

یوٹیوب نے کمنٹس کی نگرانی کے لیے اے آئی پر مبنی ماڈریشن ٹولز متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ لائیو اسٹریمز میں خودکار ترجمے اور صارفین کے چہرے یا آواز کے غیر مجاز استعمال سے تحفظ فراہم کرنے والے مزید ٹولز بھی آنے والے عرصے میں دستیاب کیے جائیں گے۔

کمپنی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد یوٹیوب پر مواد کی دریافت، تخلیق اور صارفین کے مجموعی تجربے کو مزید آسان بنانا ہے۔

Leave a reply