
پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے موقع پر لاہور میں ٹریفک پولیس اور سکیورٹی اداروں نے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ فائنل آج لاہور میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 8 ڈی ایس پیز، 90 سے زائد ٹریفک انسپکٹرز اور 500 سے زیادہ وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں۔ شہریوں اور شائقینِ کرکٹ کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر پانچ پارکنگ اسٹینڈز قائم کیے گئے ہیں۔
غلط پارکنگ کو روکنے کے لیے 11 لفٹرز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔ شائقین اپنی گاڑیاں گورنمنٹ کالج برائے بوائز اور سی بی ڈی پارکنگ ایریا میں پارک کر سکیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق مغل پورہ اور گڑھی شاہو سے آنے والے شائقین کو مین بلیوارڈ گلبرگ اور لبرٹی کے اطراف پارکنگ کی سہولت دی گئی ہے، جبکہ شہر کی بڑی شاہراہیں جیسے مال روڈ، جیل روڈ اور کینال روڈ ٹریفک کے لیے کھلی رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے بتایا ہے کہ میچ کے دوران کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کی حفاظت کے لیے سخت سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔ تقریباً 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔
ان کے مطابق سکیورٹی افسران خود تمام انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم اور اطراف میں سرچ آپریشنز اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں، اور بلند عمارتوں پر سنائپرز بھی موجود ہوں گے تاکہ مکمل سکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔









