پاک افغان سرحد پر مبینہ دراندازی کی کوشش ناکام، متعدد ہلاکتوں کی اطلاع

0
22
پاک افغان سرحد پر مبینہ دراندازی کی کوشش ناکام، متعدد ہلاکتوں کی اطلاع

پاک افغان سرحد پر گلستان سیکٹر میں افغانستان کی جانب سے مبینہ دراندازی کی کوشش کو پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش پر فورسز نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقے میں دونوں جانب سے وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں اہلکاروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے اور کسی بھی ممکنہ دراندازی یا حملے کا جواب دینے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ پیش رفت پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔ اس سے قبل 23 ستمبر کو سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 8 ڈرونز کو مار گرایا گیا، جن میں 4 طورخم سے ملحقہ علاقوں اور 4 کوہاٹ کے قریب سرحدی پہاڑی علاقوں میں تباہ کیے گئے۔

اسی دوران کرم سیکٹر میں بھی سرحد پار سے پاکستان میں داخل ہونے کی ایک مبینہ کوشش ناکام بنانے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دراندازی کی کوشش افغان صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں موجود سرحدی چوکیوں کی سمت سے کی گئی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بعد ازاں سرحدی چوکیوں پر فائرنگ کے جواب میں پاکستانی فورسز نے افغانستان میں بعض سرحدی پوسٹوں اور مارٹر پوزیشنز کو نشانہ بنایا۔

حکام کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

Leave a reply