میٹا کے نئے اسمارٹ گلاسز اور ورچوئل رئیلٹی ڈیوائسز پیش

0
29
میٹا کے نئے اسمارٹ گلاسز اور ورچوئل رئیلٹی ڈیوائسز پیش

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اسمارٹ ویئر ایبل ٹیکنالوجی کے شعبے میں کئی نئی مصنوعات متعارف کرا دی ہیں، جن میں تین نئے اسمارٹ گلاسز اور ایک ورچوئل رئیلٹی ڈیوائس شامل ہے۔

کمپنی کے نئے وی آر گلاسز کو نسبتاً ہلکے اور پتلے ڈیزائن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ اس ڈیوائس کا وزن تقریباً 100 گرام ہے اور اس میں 5K مائیکرو ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے۔ کیمرا اور سینسرز کی مدد سے صارفین ورچوئل مواد کے ساتھ ساتھ اپنے اردگرد کی حقیقی دنیا بھی دیکھ سکیں گے۔

گلاسز میں اسپیکرز بھی نصب ہیں جبکہ میٹا اے آئی کو ڈیوائس کے آپریٹنگ سسٹم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق 45 واٹ فاسٹ چارجنگ کے ساتھ اس کی بیٹری مسلسل استعمال میں تقریباً تین گھنٹے تک چل سکتی ہے۔

میٹا کے مطابق نئے وی آر گلاسز آئی میکس سرٹیفکیشن کے حامل ہیں اور تھری ڈی فلموں کے ساتھ گیمنگ کو بھی سپورٹ کرتے ہیں۔ یہ ڈیوائس 2027 کے موسم بہار میں ابتدائی طور پر امریکا میں تقریباً 1300 ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔

دوسری جانب میٹا نے کیمرے کے بغیر آڈیو فوکسڈ اسمارٹ گلاسز بھی متعارف کرائے ہیں۔ ان کا وزن تقریباً 43 گرام ہے اور ایک مرتبہ چارج کرنے پر بیٹری 12 گھنٹے تک چلنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ان میں موسیقی اور فون کالز کے لیے اسپیکرز موجود ہیں جبکہ صارفین میٹا کے اے آئی اسسٹنٹ سے بھی بات چیت کرسکیں گے۔

آڈیو گلاسز کی ابتدائی قیمت 349 ڈالر مقرر کی گئی ہے اور انہیں 13 اکتوبر سے فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

میٹا نے رے بین میٹا اسمارٹ گلاسز کی تیسری جنریشن بھی پیش کی ہے، جس میں کیمرا اور پہلے کے مقابلے میں بہتر بیٹری کارکردگی شامل ہے۔ اس ماڈل کی قیمت 249 ڈالر سے شروع ہوگی۔

کمپنی نے گلوکارہ و اداکارہ لیزا کے اشتراک سے ایک نیا اسمارٹ گلاسز ماڈل بھی متعارف کرایا ہے، جو میٹا کی ویئر ایبل ٹیکنالوجی میں نئی شراکت داری کو ظاہر کرتا ہے۔

Leave a reply