پنجاب میں صفائی فیس کا نیا نظام نافذ، گھروں کے لیے ماہانہ فیس مقرر

0
15
پنجاب میں صفائی فیس کا نیا نظام نافذ، گھروں کے لیے ماہانہ فیس مقرر

لاہور: پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی کے اخراجات کی وصولی کے لیے نیا نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت رہائشی اور کمرشل یونٹس سے ان کے رقبے اور حجم کے مطابق ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔

صفائی فیس کی وصولی اب محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ذریعے کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ستھرا پنجاب اتھارٹی اور محکمہ ایکسائز کے درمیان سروس لیول ایگریمنٹ بھی طے پا گیا ہے۔

نئے نظام کے مطابق مالی سال 2026-27 کے دوران ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ صفائی فیس بھی وصول کرے گا۔ محکمہ ایکسائز کو گھر گھر سروے، بلوں کی تیاری و پرنٹنگ اور فیس سے متعلق شکایات کے ازالے کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔

رہائشی گھروں کے لیے ماہانہ صفائی فیس رقبے کے حساب سے مقرر کی گئی ہے۔ 5 مرلہ تک کے گھر سے 300 روپے، 5 سے 10 مرلہ تک 500 روپے، 10 سے 20 مرلہ تک 1000 روپے، 20 سے 40 مرلہ تک 2000 روپے جبکہ 40 مرلہ سے زائد رقبے کے گھروں سے 5000 روپے ماہانہ وصول کیے جائیں گے۔

اسی طرح کمرشل یونٹس کے لیے بھی مختلف شرحیں مقرر کی گئی ہیں۔ چھوٹے کاروباری یونٹس سے 500 روپے، درمیانے یونٹس سے 1000 روپے اور بڑے کمرشل یونٹس سے 3000 روپے ماہانہ صفائی فیس لی جائے گی۔

حکام کے مطابق صفائی فیس کی وصولی کے انتظامات انجام دینے پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو ایک فیصد سروس چارج بھی دیا جائے گا۔

حکومت پنجاب نے صفائی فیس کی وصولی کے لیے یکساں نظام قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صوبے کے شہری علاقوں میں فیس کی وصولی، بلوں کی تقسیم اور شکایات کے حل کا عمل ایک مربوط طریقہ کار کے تحت چلایا جا سکے۔

Leave a reply