پاکستان میں سونے کی قیمت میں 2 ہزار 700 روپے کمی

پاکستانی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 57 ہزار 536 روپے کا ہوگیا۔
صرافہ مارکیٹ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار 700 روپے کی کمی ہوئی۔ اس سے ایک روز قبل بھی سونے کی قیمت معمولی طور پر کم ہوئی تھی۔
دس گرام سونے کی قیمت بھی 2 ہزار 315 روپے گھٹ کر 3 لاکھ 92 ہزار 263 روپے پر آگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔ بین الاقوامی سطح پر سونا 27 ڈالر کی کمی کے بعد 4 ہزار 350 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر شرحِ سود میں تبدیلیاں سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ عام طور پر شرحِ سود بڑھنے سے سرمایہ کار ایسے مالی اثاثوں کو ترجیح دے سکتے ہیں جو انہیں باقاعدہ منافع یا آمدنی فراہم کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں سونے کی طلب متاثر ہوسکتی ہے۔
عالمی معیشت میں مہنگائی، توانائی کی قیمتوں اور مرکزی بینکوں کی مالیاتی پالیسیوں میں تبدیلیاں بھی سونے کی قیمت کے لیے اہم عوامل سمجھے جاتے ہیں۔









