کترینہ کیف کی حمایت، سلمان خان نے سوشل میڈیا ٹرولز کو آڑے ہاتھوں لے لیا

0
12
کترینہ کیف کی حمایت، سلمان خان نے سوشل میڈیا ٹرولز کو آڑے ہاتھوں لے لیا

بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے اداکارہ کترینہ کیف کے بڑھتے وزن پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے آن لائن ٹرولنگ کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کترینہ کیف حال ہی میں اپنے شوہر وکی کوشل کے ہمراہ مکیش اور نیتا امبانی کی جانب سے منعقد کی گئی گنپتی تقریب میں شریک ہوئی تھیں۔ تقریب سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز کے بعد سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے اداکارہ کے وزن اور ظاہری حلیے پر نامناسب تبصرے کیے۔

سلمان خان نے اپنے رئیلٹی شو ’بگ باس 20‘ میں گفتگو کے دوران سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات کی ذاتی زندگی، جسمانی خدوخال اور وزن کو تنقید کا نشانہ بنانے کے رجحان پر برہمی کا اظہار کیا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ بعض افراد دوسروں کو نیچا دکھا کر سوشل میڈیا سے آمدنی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور مشہور شخصیات کے جسم، وزن، خاندان، پیشہ ورانہ ناکامیوں اور ذاتی معاملات کو تنقید کا موضوع بناتے ہیں۔

کترینہ کیف کا ذکر کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ ماں بننے کے بعد جسم میں تبدیلی اور وزن میں اضافہ ایک فطری عمل ہے، اس لیے لوگوں کو اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے انہیں اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے دینا چاہیے۔

سلمان خان نے اپنی عمر اور خود کو درپیش آن لائن تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انسان کی ظاہری شکل تبدیل ہونا معمول کی بات ہے اور کسی شخص سے ہمیشہ جوانی جیسا دکھائی دینے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کسی دوسرے شخص کی ظاہری شکل یا وزن پر تبصرے کرنے کی ضرورت ہی کیوں پیش آتی ہے۔ سلمان خان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بعض اوقات مشہور شخصیات کو سوشل میڈیا پر نشانہ بنانے کے لیے لوگوں کو مالی فائدہ دیا جا سکتا ہے۔

اداکار نے زور دیا کہ سوشل میڈیا پر کسی کی ذاتی زندگی اور ظاہری شکل کو مذاق یا تنقید کا نشانہ بنانا مناسب رویہ نہیں۔

Leave a reply