
قلات کے قریب قومی شاہراہ این-25 پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ ان کے قبضے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے قلات کے قریب این-25 پر ایک چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی، جہاں سے مبینہ طور پر اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں کی جارہی تھیں۔
اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ آپریشن میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 23 مغوی افراد کو بازیاب کرانے کے علاوہ 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں بھی برآمد کی گئیں۔ سیکیورٹی فورسز نے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے بعد قلات اور ملحقہ علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، جس کا مقصد علاقے کو ممکنہ خطرات سے پاک کرنا اور قومی شاہراہ پر شہریوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔









