
پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کے سربراہ ذوالفقار حمید نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کی جانب کسی مارچ، ریلی یا جلوس کے لیے کسی قسم کی سہولت یا معاونت فراہم نہ کی جائے۔
آئی جی خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی افسر کو مارچ یا ریلی کے شرکا کو سہولت دینے کے لیے کہا جائے تو فوری طور پر اس معاملے سے آئی جی پولیس کو آگاہ کیا جائے۔
ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری بھی سرکاری افسران اور ملازمین کو سیاسی مارچ، ریلی یا جلوس کے لیے سرکاری وسائل استعمال کرنے یا کسی قسم کی معاونت فراہم کرنے سے روک چکے ہیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی تنبیہ بھی کی گئی ہے۔
یہ پیش رفت اسلام آباد ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں عدالت نے قرار دیا کہ کسی سیاسی جماعت یا صوبائی حکومت کو اسلام آباد جانے والی شاہراہیں بند کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے 27 مارچ کو اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔









