غلطی تھی یا کچھ اور؟ مِناب اسکول حملے پر اہم رپورٹ سامنے آگئی

اقوام متحدہ کے ایران سے متعلق آزاد بین الاقوامی فیکٹ فائنڈنگ مشن نے جنوبی ایران میں ایک اسکول اور اسپورٹس کمپلیکس پر ہونے والے امریکی حملوں سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 28 فروری کو ایران کے شہر مِناب میں شجرہ طیبہ پرائمری اسکول پر ہونے والے حملے میں 150 سے زائد افراد جان سے گئے، جن میں بڑی تعداد بچوں کی تھی۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر اس حملے کے جنگی جرم کے زمرے میں آنے کی معقول بنیادیں موجود ہیں۔
مشن کے مطابق اسکول ایک واضح شہری تنصیب تھی اور اسے کسی فوجی مقصد کے لیے استعمال کیے جانے کا قابلِ اعتماد ثبوت نہیں ملا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حملے سے قبل ہدف کے بارے میں حاصل کی گئی معلومات درست یا تازہ نہیں تھیں اور عمارت کے فوجی ہدف ہونے کی مناسب تصدیق نہیں کی گئی۔
اقوام متحدہ کے مشن نے مزید کہا کہ دستیاب شواہد اس امکان کی تائید نہیں کرتے کہ اسکول کو محض غلطی سے نشانہ بنایا گیا، بلکہ بظاہر یہی عمارت حملے کا ہدف تھی۔ رپورٹ کے مطابق کارروائی میں ٹوماہاک میزائل استعمال کیے گئے۔
رپورٹ میں ایران کے شہر لامرد میں ایک اسپورٹس کمپلیکس اور اس کے اطراف ہونے والے حملے کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ مشن کے مطابق اس واقعے میں 22 شہری ہلاک ہوئے جبکہ قریبی رہائشی عمارتوں اور ایک اسکول کو بھی نقصان پہنچا۔
اقوام متحدہ کے ماہرین کے مطابق آبادی والے علاقے میں حملے کے اثرات کو کسی مخصوص فوجی ہدف تک محدود رکھنا ممکن نہیں تھا، جس کی وجہ سے اس کارروائی کو بھی غیر امتیازی حملے کے طور پر دیکھا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام نے رپورٹ کے نتائج کو مسترد کیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ ماضی میں لامرد میں مذکورہ روز کسی امریکی حملے کی تردید کرچکی ہے، جبکہ واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ اس کی فوجی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کے مطابق کی جاتی ہیں۔
امریکی حکام نے مِناب اسکول واقعے کی تحقیقات بھی کی تھیں، تاہم ان تحقیقات کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے نہیں لائی گئیں۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں ایرانی حکام سے متعلق بھی سنگین الزامات شامل ہیں۔ فیکٹ فائنڈنگ مشن کے مطابق احتجاجی مظاہروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران غیر قانونی ہلاکتوں، تشدد، من مانی گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں کے واقعات سامنے آئے، جن میں بعض معاملات کو انسانیت کے خلاف جرائم قرار دینے کی معقول بنیادیں موجود ہیں۔
مشن اپنی رپورٹ کے نتائج انسانی حقوق کونسل کے سامنے پیش کرے گا اور امریکا و ایران دونوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ روکا جائے اور متاثرین کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔غلطی تھی یا کچھ اور؟ مِناب اسکول حملے پر اہم رپورٹ سامنے آگئی









