تاجروں کے لیے بڑی خبر! حکومت نے ریٹیلر اسکیم ایپ لانچ کردی

0
23
تاجروں کے لیے بڑی خبر! حکومت نے ریٹیلر اسکیم ایپ لانچ کردی

اسلام آباد: حکومت نے ملک بھر کے تاجروں اور چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کے لیے ریٹیلر اسکیم ایپ متعارف کرا دی ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے اسلام آباد میں وزیر خزانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایپ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس اسکیم کی تیاری میں تاجروں کی تجاویز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق جو دکاندار ابھی تک ٹیکس نیٹ کا حصہ نہیں بن سکے، وہ بھی اس ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کرا کر فائلر بن سکتے ہیں۔ چھوٹے کاروباری افراد موبائل فون کے ذریعے اپنا ٹیکس ریٹرن بھی جمع کرا سکیں گے۔
اس اسکیم میں رجسٹرڈ دکانداروں کو پوائنٹ آف سیلز کی شرط سے استثنیٰ دیا جائے گا، جبکہ کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ رجسٹرڈ تاجروں کو گرین پلیٹ بھی فراہم کی جائے گی، جس کے بارے میں حکومت کا کہنا ہے کہ ایسی دکانوں پر ایف بی آر افسر کے براہِ راست داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکومت کے مطابق اسکیم کے تحت رجسٹرڈ دکانداروں کی فروخت پر ایک فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔ ایپ کو ستمبر کے پہلے ہفتے تک مقامی زبانوں میں بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر مملکت نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے بڑی تعداد میں تاجر ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے اور ٹیکس نظام کا دائرہ وسیع ہوگا۔ دوسری جانب وزیر خزانہ نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے بھی ٹیکس ریٹرن کا عمل مزید آسان بنانے اور ریٹرن فارم کو سادہ کرنے پر کام جاری ہے۔

Leave a reply