
لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کے حوالے سے ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) سے پاکستانی ٹیم کے میچز بھارت کے بجائے کسی غیر جانب دار مقام پر کرانے کی درخواست کردی۔
پی ایچ ایف کے ایڈہاک صدر محی الدین احمد وانی کے مطابق موجودہ پاک بھارت کشیدہ صورتِ حال اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اے ایچ ایف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ یا تو پورا ٹورنامنٹ بھارت سے منتقل کیا جائے یا پاکستان کے تمام میچز نیوٹرل وینیو پر منعقد کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ درخواست کا مقصد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے محفوظ اور موزوں ماحول کی فراہمی ہے۔
پی ایچ ایف صدر نے واضح کیا کہ پاکستان بین الاقوامی ہاکی سے وابستہ اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں ہٹ رہا اور ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق پاکستان بھارت سمیت تمام ممالک کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہے اور کھیل کو سیاسی معاملات سے الگ رکھنے کے اصول پر یقین رکھتا ہے۔
محی الدین احمد وانی نے امید ظاہر کی کہ ایشین ہاکی فیڈریشن پاکستان کی درخواست پر مثبت غور کرے گی تاکہ قومی ٹیم کی ایونٹ میں شرکت بغیر کسی رکاوٹ کے یقینی بنائی جاسکے۔
واضح رہے کہ مینز ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کا انعقاد بھارت میں 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک ہونا ہے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، چین، جاپان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں شریک ہوں گی، جبکہ مقابلے جالندھر اور موہالی میں کھیلے جانے کا شیڈول ہے۔









