سعودی پائپ لائن کی بندش، یورپ میں خام تیل کی سپلائی متاثر

0
16
سعودی پائپ لائن کی بندش، یورپ میں خام تیل کی سپلائی متاثر

ریاض: سعودی عرب کی ایک اہم تیل پائپ لائن کی سرگرمیاں معطل ہونے کے بعد یورپ کو خام تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث خریدار ممالک نے متبادل ذرائع سے تیل حاصل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بحیرۂ احمر کی جانب جانے والی تیل کی بنیادی تنصیب کو مبینہ ڈرون حملوں سے نقصان پہنچنے کے بعد سعودی حکام نے ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کی سرگرمیاں روک دیں۔ اس کے نتیجے میں ینبع بندرگاہ سے بعض تیل کی ترسیلات بھی متاثر ہوئی ہیں۔

سپلائی میں کمی کے باعث یورپی مارکیٹ میں خام تیل کے بعض کارگوز کی قیمتیں نمایاں طور پر بڑھ گئی ہیں، جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت بھی 108 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

پولینڈ سمیت یورپ کے بعض بڑے خریداروں نے ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے شمالی سمندر، امریکا، قازقستان اور الجزائر سمیت مختلف ذرائع سے خام تیل کی خریداری کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

پولینڈ کی بڑی آئل کمپنی اورلین کے مطابق اس کی ریفائنریوں کو خام مال کی فراہمی فی الحال معمول کے مطابق جاری ہے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ بدلتی ہوئی مارکیٹ اور پیداواری ضروریات کے مطابق خام تیل کی خریداری کے حجم میں ردوبدل معمول کی تجارتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے بحیرۂ احمر کے راستے برآمدات میں کمی کے بعد خلیج کے راستے تیل کی ترسیل بڑھانے کی کوششوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ راس تنورہ سے گزشتہ ہفتے تقریباً 22 ملین بیرل خام تیل کی 12 بحری جہازوں پر لوڈنگ کی اطلاعات ہیں۔

تیل کی عالمی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹ نے عالمی توانائی مارکیٹ میں تشویش بڑھا دی ہے اور ماہرین کے مطابق اگر صورتحال طویل ہوئی تو خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔

Leave a reply