
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کے سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے 24 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے پاسپورٹ بلاک کرنیکا حکم دیدیا۔
عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ افراد کے پاسپورٹ آئندہ عدالتی حکم تک بلاک رکھے جائیں۔
عدالتی حکم کے مطابق پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست ان افراد کے خلاف درج مقدمے اور ان کی تفتیش میں عدم شمولیت کی بنیاد پر دی گئی تھی۔ تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کے ملک سے باہر جانے کا خدشہ ہے اور وہ تاحال عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
پاسپورٹ بلاک کیے جانے والے افراد میں سہیل آفریدی کے علاوہ اسد قیصر، شہرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی، امجد علی، جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر، عمر ایوب، ارشد عمر زئی، زر عالم، میاں عمر اور اختر خان سمیت دیگر شامل ہیں۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق مذکورہ افراد مقدمے میں نامزد ہیں، جبکہ عبوری ضمانت حاصل کرنے والے بعض ملزمان بھی تفتیشی عمل کا حصہ نہیں بنے۔
عدالت کی جانب سے ایف آئی اے کو تمام متعلقہ پاسپورٹس اگلے عدالتی احکامات تک بلاک رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔









