پنجاب میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، کئی شہروں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ

0
31
پنجاب میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، کئی شہروں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ

پنجاب میں مون سون بارشوں کے ایک اور سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو 12 سے 17 ستمبر کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع کو متاثر کرسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، جہلم اور اٹک سمیت متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ جبکہ بعض علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں 16 ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔

سانگھڑ، خیرپور، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد اور جامشورو بھی ممکنہ بارشوں سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

انتظامیہ نے شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں میں احتیاط اور ممکنہ سیلابی صورتحال کی صورت میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

Leave a reply