اسلام آباد میں شیشہ کیفے پر تاحکمِ ثانی پابندی، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی

0
0
اسلام آباد میں شیشہ کیفے پر تاحکمِ ثانی پابندی، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفے چلانے پر تاحکمِ ثانی پابندی عائد کردی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق پابندی کا اطلاق ان کیفے پر بھی ہوگا جن کے پاس متعلقہ این او سی موجود ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ حکام کے مطابق ان ڈور اور آؤٹ ڈور دونوں مقامات پر شیشہ سروس فراہم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ کیفے کو سیل کرنے کے ساتھ مالک کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کا دائرہ اسلام آباد کے مزید علاقوں تک بڑھایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب صحت کے ماہرین نے شیشہ نوشی کو صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے سگریٹ کا محفوظ متبادل تصور نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق شیشہ نوشی کے دوران کاربن مونو آکسائیڈ سمیت مختلف مضر اجزا جسم میں داخل ہوسکتے ہیں، جبکہ مشترکہ پائپ استعمال کرنے سے بعض انفیکشنز کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

ماہرین نے نوجوانوں میں ویپنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون پر عمل درآمد کے ساتھ عوامی آگاہی بھی ضروری ہے۔

Leave a reply