پنشنرز کے لیے نئے ڈیجیٹل تصدیقی قواعد نافذ

اسلام آباد: وزارتِ خزانہ نے پنشن کی ادائیگی اور تصدیق کے نظام میں اہم تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں، جس کے تحت پنشنرز کے لیے ہر چھ ماہ بعد نادرا سے ڈیجیٹل تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔
نئے نظام کے تحت پنشنرز اپنی شناخت کی تصدیق نادرا پاک آئی ڈی ایپ یا مجاز نادرا مراکز کے ذریعے کروا سکیں گے، جبکہ روایتی کاغذی تصدیقی عمل ختم کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پنشن کی رقم براہِ راست پنشنر کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ اس کے علاوہ بینکوں کی جانب سے الگ سے بائیومیٹرک تصدیق یا لائف سرٹیفکیٹ طلب کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نئے قواعد کے تحت مارچ اور ستمبر میں تصدیق کرانے کا سابقہ شیڈول بھی ختم کردیا گیا ہے۔ تاہم اگر کوئی پنشنر مسلسل چھ ماہ تک ڈیجیٹل تصدیق مکمل نہیں کرتا تو اس کی پنشن کی ادائیگی عارضی طور پر روک دی جائے گی۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق تصدیق مکمل ہونے کے بعد پنشن کی ادائیگی دوبارہ بحال کردی جائے گی۔ صرف ڈیجیٹل تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے پنشن اکاؤنٹ کو ڈورمنٹ قرار نہیں دیا جائے گا۔









