مریم نواز شریف کا بڑا فیصلہ، اضلاع کو مالی خودمختاری دینے کی منظوری

0
32
مریم نواز شریف کا بڑا فیصلہ، اضلاع کو مالی خودمختاری دینے کی منظوری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اضلاع کو مالی طور پر خودمختار بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے “جس کا ریونیو، اسی کی ترقی” پالیسی کے تحت مقامی وسائل سے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

لاہور میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کمشنرز اجلاس میں پنجاب بھر کے اضلاع کے لیے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان پر غور کیا گیا، جبکہ مختلف ڈویژنز کے کمشنرز نے دستیاب وسائل اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی کام صرف کاغذوں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ان کے اثرات عوام کو عملی طور پر نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیں۔

وزیراعلیٰ نے فیصل آباد میں کھلے گڑھے میں گر کر ایک بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی غفلت پر سخت برہمی ظاہر کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کھلے مین ہولز یا غیر محفوظ تعمیراتی مقامات کے باعث حادثات کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں تمام نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے، جبکہ سرکاری و نجی اسکولوں اور تعمیراتی مقامات کی مانیٹرنگ سخت کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ بعض افسران کی کارکردگی اطمینان بخش ہے، تاہم کچھ جگہوں پر صرف نمائشی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی ریلیف، شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

اجلاس میں پاکپتن کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی، جن میں شہری و دیہی ترقیاتی اسکیمیں، بیوٹی فکیشن منصوبے، بائی پاس سڑکیں، اسپورٹس سہولیات اور ماڈل اسٹریٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نہری کناروں پر سولر لائٹس نصب کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔

وزیراعلیٰ نے ساہیوال میں معیاری سڑکوں کی تعمیر پر زور دیتے ہوئے خراب انفراسٹرکچر پر تشویش کا اظہار کیا اور کمشنرز کو مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

Leave a reply