سہارنپور میں تاریخی مسجد کی شہادت، پاکستان کا شدید ردعمل

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی ریاست اترپردیش کے شہر سہارنپور میں قدیم مسجد کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی عدم برداشت اور تعصب کی افسوسناک مثال قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سہارنپور میں صدیوں پرانی مسجد کو 5 ستمبر کو منہدم کیا گیا، جس پر پاکستان نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانے اور ان کی بے حرمتی کے واقعات ناقابل قبول ہیں۔ بیان میں بابری مسجد کی 1992 میں شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے واقعات مذہبی نفرت اور عدم برداشت کی عکاسی کرتے ہیں۔
پاکستان نے بھارتی حکام پر زور دیا ہے کہ مسلمانوں کی عبادت گاہوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر روکا جائے اور مذہبی آزادی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ مبینہ منظم امتیازی سلوک اور ان کی مذہبی آزادی سے متعلق صورتحال کا فوری نوٹس لے۔









