
لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو اہم کھلاڑیوں امام الحق اور محمد رضوان کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی تحقیقات مزید آگے بڑھ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی بھاری شکست کے بعد دونوں کرکٹرز کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تحقیقات کے دوران ان کے موبائل فونز سے متعلق ڈیٹا بھی حاصل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ دونوں کھلاڑی انگلینڈ میں قیام کے دوران کن افراد سے رابطے میں رہے اور ان کی سرگرمیوں کی نوعیت کیا تھی۔
اطلاعات کے مطابق لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست کے بعد ٹیم کے ہوٹل پہنچنے پر سکیورٹی حکام نے امام الحق اور محمد رضوان کے موبائل فونز اپنے قبضے میں لیے۔ کچھ وقت بعد فونز انہیں واپس کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات میں اگر کوئی قابلِ ذکر خلاف ورزی یا ٹھوس ثبوت سامنے آتا ہے تو دونوں کھلاڑیوں کے خلاف جرمانے یا دیگر تادیبی کارروائی بھی ممکن ہے۔ تاہم ان کے مستقبل کے حوالے سے حتمی فیصلہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان سے اس معاملے پر مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم انہوں نے موبائل ڈیٹا سے متعلق اطلاعات کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔









