
پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک افراد میں کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج کا ایک کمانڈر طاہر عرف معاویہ بھی شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد علاقے میں مبینہ طور پر گشت کر رہے تھے کہ خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی نے کارروائی کی۔
کارروائی کے بعد ہلاک افراد کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں، ایک پستول، دستی بم اور مختلف اقسام کے متعدد کارتوس برآمد کیے گئے۔ دہشت گردوں کے زیر استعمال 2 موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق ہلاک افراد میں سے ایک کے پاس سے افغان شناختی کارڈ بھی ملا، جس کے مطابق وہ افغانستان کے صوبے کنڑ کا رہائشی تھا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دیگر ہلاک افراد کی شناخت اور واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔









