
یوٹیوب نے صارفین کے لیے ٹی وی پر ویڈیوز دیکھنے اور اس دوران موبائل فون استعمال کرنے کے تجربے کو مزید آسان بنانے کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے۔
نئے نظام کے تحت موبائل فون اور ٹی وی کا ایک ہی وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک ہونا ضروری نہیں رہے گا۔ اگر دونوں ڈیوائسز پر ایک ہی گوگل اکاؤنٹ سے یوٹیوب استعمال کیا جا رہا ہو تو انہیں خودکار طور پر آپس میں منسلک کیا جا سکے گا۔
یوٹیوب کے مطابق اسمارٹ فون کو اب صرف کاسٹنگ ڈیوائس یا ریموٹ کے طور پر نہیں بلکہ ’کمپینن‘ ڈیوائس کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
ٹی وی پر یوٹیوب ویڈیو چلنے کے دوران موبائل ایپ کھولنے پر صارف کو ایک خصوصی کمپینن پینل دکھائی دے گا، جہاں سے ٹی وی پر چلنے والی ویڈیو کو کنٹرول کرنے کے علاوہ مختلف دیگر آپشنز بھی استعمال کیے جا سکیں گے۔
صارف موبائل فون کے ذریعے ٹی وی پر چلنے والی ویڈیو کو لائیک کرنے، کمنٹ کرنے اور متعلقہ چینل کو سبسکرائب کرنے جیسے کام بھی انجام دے سکے گا۔ اس کے علاوہ ٹی وی پر ویڈیو چلتی رہے گی جبکہ صارف موبائل پر دوسری ویڈیوز تلاش یا شارٹس دیکھ سکے گا۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد ٹی وی ریموٹ کے ذریعے کمنٹ لکھنے، ویڈیو کی تفصیلات پڑھنے یا چینل کو سبسکرائب کرنے جیسی مشکلات کو کم کرنا ہے۔
کمپنی نے نئے فیچر کی دستیابی مرحلہ وار شروع کردی ہے اور آنے والے دنوں میں اسے مزید صارفین کے لیے فعال کیے جانے کا امکان ہے۔









