
نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس اور سلیکشن کے عمل کو مزید محتاط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب متعدد بھارتی کرکٹرز انجری کے باعث اسکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود اہم سیریز سے باہر ہوئے۔
افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ میں جسپریت بمراہ، نتیش کمار ریڈی، واشنگٹن سندر اور ہرشت رائنا کے نام فٹنس سے مشروط رکھے گئے ہیں۔ یعنی ان کھلاڑیوں کی حتمی دستیابی فٹنس ٹیسٹ میں کامیابی سے وابستہ ہوگی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی اب انجری سے واپس آنے والے کسی بھی کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنے سے قبل اس کی فٹنس کے بارے میں پہلے سے زیادہ یقین دہانی چاہتا ہے۔ بورڈ کا مقصد یہ ہے کہ کسی کھلاڑی کو جلد بازی میں فٹ قرار دینے کے نتیجے میں آخری وقت پر ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت پیش نہ آئے۔
گزشتہ کچھ عرصے کے دوران بمراہ، واشنگٹن سندر، نتیش کمار ریڈی اور ہرشت رائنا سمیت کئی کھلاڑی فٹنس مسائل سے دوچار رہے ہیں۔ ان واقعات کے بعد بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسیلینس میں انجری مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کی فٹنس جانچ کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھے۔
سابق بھارتی کرکٹر اور سینٹر آف ایکسیلینس کے سربراہ وی وی ایس لکشمن کا مؤقف ہے کہ مشروط انتخاب کا مقصد سلیکشن کے عمل کو زیادہ واضح رکھنا ہے۔ اگر کسی کھلاڑی کی فٹنس میں بہتری متوقع ہو تو اسے اسکواڈ میں جگہ دی جا سکتی ہے، تاہم میدان میں اترنے کے لیے فٹنس کلیئرنس لازمی ہوگی۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائکیا کے مطابق بین الاقوامی سیریز کے اسکواڈ کئی ہفتے پہلے منتخب کیے جاتے ہیں۔ اس دوران انجری کا شکار کھلاڑی مکمل فٹ بھی ہو سکتا ہے، اسی لیے ایسے کرکٹرز کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے کے بجائے ان کا انتخاب فٹنس سے مشروط رکھا جاتا ہے۔
افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے بمراہ اور نتیش کمار ریڈی کی فٹنس کے حوالے سے مثبت توقعات ظاہر کی جا رہی ہیں، تاہم ہرشت رائنا اور واشنگٹن سندر کی دستیابی کے بارے میں ابھی حتمی صورتحال سامنے نہیں آئی۔
بی سی سی آئی کی نئی حکمت عملی سے ظاہر ہوتا ہے کہ بورڈ اب انجری سے واپسی کرنے والے کھلاڑیوں کے معاملے میں زیادہ احتیاط برتنا چاہتا ہے، تاکہ قومی ٹیم کو آخری لمحے میں کھلاڑیوں کی تبدیلی یا فٹنس سے متعلق غیر یقینی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔









