
پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے معاشرے میں بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین کی دوبارہ شادی سے متعلق منفی رویوں پر اظہارِ خیال کیا ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بعض لوگ بیوہ یا طلاق یافتہ خواتین، خصوصاً بچوں والی خواتین، کے دوبارہ شادی کرنے کے فیصلے کو اچھا نہیں سمجھتے اور انہیں تنقید یا منفی نظروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ کسی خاتون کی دوسری شادی کا فیصلہ اس کی اپنی مرضی اور ذاتی معاملہ ہونا چاہیے۔ اگر کوئی دوبارہ شادی کرنا چاہتی ہے تو معاشرے کو اس کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے، جبکہ شادی نہ کرنے کی صورت میں بھی اس پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہونا چاہیے۔
حمزہ علی عباسی نے زور دیا کہ خواتین کو دوبارہ شادی کا حق دین نے دیا ہے، اس لیے اس خواہش کو معیوب سمجھنا یا منفی نظر سے دیکھنا درست رویہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی فرد کے ذاتی اور زندگی سے متعلق فیصلے میں بلاوجہ مداخلت کرنا اخلاقی طور پر مناسب نہیں، معاشرے کو چاہیے کہ وہ ایسے معاملات میں تنقید کے بجائے احترام اور سمجھ داری کا مظاہرہ کرے۔









