سمندر میں چھپا خطرہ؟ آئل ٹینکر دو بارودی سرنگوں کی زد میں آگیا

تہران: آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گیا، جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران دو سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں جہاز رک گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق حکام نے واقعے کے بعد دیگر بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایران کی جانب سے مقرر کردہ طریقہ کار پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کی جانب سے تاحال یہ نہیں بتایا گیا کہ آئل ٹینکر کو کتنا نقصان پہنچا اور نہ ہی بارودی سرنگوں کے ماخذ سے متعلق کوئی تفصیل سامنے آئی ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے، کیونکہ خلیج فارس سے عالمی منڈیوں تک تیل کی بڑی مقدار اسی راستے سے منتقل ہوتی ہے۔ خطے میں کسی بھی بحری حادثے یا کشیدگی کے نتیجے میں عالمی توانائی کی قیمتوں اور سمندری تجارت پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز کے گرد ایران اور امریکا کے درمیان فوجی کشیدگی برقرار ہے۔ حالیہ دنوں میں دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف فوجی کارروائیوں اور دعوؤں کے بعد خطے میں بحری آمدورفت کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔
تاہم ٹینکر کے حادثے کی مکمل وجوہات، بارودی سرنگوں کی نوعیت اور جہاز کو پہنچنے والے نقصان کی حتمی تفصیلات ابھی سامنے آنا باقی ہیں۔









