آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی شروع، بعض علاقوں میں تعلیمی اداروں تک محدود

0
37
آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی شروع، بعض علاقوں میں تعلیمی اداروں تک محدود

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی مرحلہ وار بحالی کا آغاز ہوگیا ہے، جبکہ بعض اضلاع میں فی الحال سہولت صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں تک محدود رکھی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے مطابق وادی نیلم، وادی لیپہ اور ضلع حویلی میں انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے۔ حویلی میں ڈی ایس ایل کے علاوہ 3G اور 4G سروسز بھی بحال کرنے کا عمل جاری ہے۔

مظفرآباد، باغ اور دھیرکوٹ میں بھی محدود پیمانے پر انٹرنیٹ بحال کیا گیا ہے۔ مظفرآباد میں ابتدائی طور پر تعلیمی اداروں اور بینکوں کو ڈی ایس ایل انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں ڈی ایس ایل، 3G اور 4G سروسز بتدریج بحال کی جارہی ہیں، تاہم صورتحال کے مطابق بعض مقامات پر انٹرنیٹ کی سہولت مخصوص اداروں تک محدود رہے گی۔

میرپور اور بھمبر میں ڈی ایس ایل سروس دستیاب ہے جبکہ دونوں اضلاع میں لینڈ لائن ٹیلی فون سروس بھی بحال کردی گئی ہے۔

دوسری جانب سہنسہ، سرساوہ، بلوچ اور تتہ پانی میں انٹرنیٹ سروس تاحال معطل ہے۔ راولاکوٹ اور سدھنوتی میں بھی انٹرنیٹ کی بحالی ابھی نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے اعلان کیا تھا کہ خطے کے داخلی و خارجی راستوں کے ساتھ انٹرنیٹ سروس بھی آئندہ دو روز کے دوران مرحلہ وار بحال کی جائے گی۔

وزیراعظم نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں تعلیمی اداروں کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ حکومت کی ترجیحات میں تحریک آزادی کشمیر اور بہتر طرز حکمرانی بھی شامل ہیں۔

Leave a reply