آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ اور آمدورفت کی بحالی، وزیراعظم افتخار گیلانی کا دو روز میں اقدامات کا اعلان

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے ریاست کے داخلی و خارجی راستے اور انٹرنیٹ سروس دو روز کے اندر بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مرکزی ایوان صحافت کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آمدورفت کے راستے جلد کھول دیے جائیں گے، جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی مرحلہ وار بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی اور اس سلسلے میں آئندہ دو روز کے دوران پیش رفت متوقع ہے۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیحات میں تحریک آزادی کشمیر کے مؤقف کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ گڈ گورننس کو یقینی بنانا بھی شامل ہے۔ حکومت عوامی مسائل کے حل، انتظامی نظام میں بہتری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں گے اور حکومتی امور میں بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا منصب سنبھالنے کے بعد مرکزی ایوان صحافت کا پہلا دورہ کیا اور صحافتی برادری سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں 30 ووٹ حاصل کرکے ریاست کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔ حلف اٹھانے کے بعد اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے پاکستان اور کشمیر کے باہمی تعلق کو اہم قرار دیتے ہوئے آزاد کشمیر میں ترقی اور تبدیلی لانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔









