
مانچسٹر سٹی کے اسٹار فٹبالر ارلنگ ہالینڈ نے نئے سیزن سے قبل اپنے مشہور لمبے سنہری بال کٹوا کر مختصر بَز کٹ اختیار کر لیا، جس پر مداحوں کے ساتھ ان کی گرل فرینڈ ازابیل ہاؤگسن جوہانسن بھی حیران رہ گئیں۔
ہالینڈ نے اپنے نئے روپ کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے نئے سیزن اور نئے ہیئر کٹ کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق بال کٹوانے سے قبل وہ اپنے نئے انداز کے بارے میں کافی سوچ رہے تھے، جبکہ بال کٹنے کے دوران وہ کچھ دیر کے لیے گھبرائے ہوئے بھی دکھائی دیے۔
ہالینڈ کی گرل فرینڈ ازابیل بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھیں۔ نئے انداز میں تبدیلی دیکھ کر انہوں نے ابتدا میں حیرت کا اظہار کیا، تاہم بال کٹنے کے بعد انہوں نے ہالینڈ کے نئے لُک کو پسند کرتے ہوئے انہیں پیارا قرار دیا۔
فٹبالر نے نئے ہیئر اسٹائل کے بعد ساتھی کھلاڑیوں اور معروف شخصیات سے ویڈیو کال پر بھی رائے لی۔ مانچسٹر سٹی کے کوچ پیپ گواردیولا نے ان کے نئے انداز کو پسند کیا، جبکہ جیک گریلیش نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ ہالینڈ اس حلیے میں کم عمر دکھائی دے رہے ہیں۔ گلوکار نوئیل گالاگھر نے بھی تبدیلی کو سراہا۔
ہالینڈ نے بتایا کہ سابق اسٹار فٹبالر زلاتان ابراہیمووچ انہیں پہلے لمبے بال برقرار رکھنے کا مشورہ دے چکے تھے، لیکن نئے مختصر کٹ پر زلاتان کا ردعمل مزاحیہ تھا اور انہوں نے مذاق میں ہالینڈ سے پوچھا کہ آخر انہوں نے یہ کیا کر دیا۔
ہالینڈ کا نیا انداز بوروسیا ڈورٹمنڈ کے دور کے بعد ان کے سب سے مختصر ہیئر اسٹائلز میں شمار ہو رہا ہے۔ اب ان کی توجہ نئے سیزن میں میدان کے اندر شاندار کارکردگی اور زیادہ سے زیادہ گول اسکور کرنے پر ہے۔









