
ملک بھر میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 4 ہزار 600 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 77 ہزار 762 روپے تک پہنچ گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 943 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 9 ہزار 603 روپے ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 46 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 554 ڈالر تک جا پہنچا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 2200 روپے کمی ہوئی تھی، جس کے بعد نرخ 4 لاکھ 73 ہزار 162 روپے کی سطح پر آگئے تھے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور فی تولہ چاندی 236 روپے مہنگی ہونے کے بعد 8 ہزار 270 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق قیاس آرائیاں، اور بین الاقوامی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا رجحان قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی بڑی وجوہات ہیں۔









