اڈیالہ جیل کے مزید قیدی نجی اسپتال میں علاج کے لیے عدالت پہنچ گئے

0
9
اڈیالہ جیل کے مزید قیدی نجی اسپتال میں علاج کے لیے عدالت پہنچ گئے

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی علاج سے متعلق عدالتی احکامات کے بعد اڈیالہ جیل کے مزید تین قیدی بھی طبی سہولیات اور اہل خانہ سے رابطے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق الیاس خان، محمد اسماعیل اور اویس الطاف نے نجی اسپتالوں میں علاج کی اجازت اور اہل خانہ سے بات چیت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے الگ الگ درخواستیں دائر کیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس محمد آصف نے درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ سے درخواستوں پر پیراوائز کمنٹس طلب کرتے ہوئے جیل انتظامیہ کو نوٹس جاری کردیا۔

درخواست گزار قیدیوں کا مؤقف ہے کہ انہیں بھی ضرورت کے مطابق نجی اسپتال منتقل کرکے علاج کی سہولت دی جائے، جبکہ اہل خانہ سے رابطے کی اجازت بھی فراہم کی جائے۔

عدالت نے جیل حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کے طبی معائنے اور علاج سے متعلق اپنے تحریری حکم میں انہیں نجی شفا انٹرنیشنل اسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ عدالت نے طبی معائنے کے لیے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے اور ڈاکٹر فیصل سلطان سمیت عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کو معائنے کے وقت موجود رہنے کی اجازت بھی دی تھی۔

عدالتی احکامات میں اہل خانہ سے ہفتے میں ایک ملاقات اور بچوں سے ہفتے میں دو مرتبہ فون پر بات چیت کی سہولت کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔

تاہم 21 اگست کو طبی معائنے کے بعد عمران خان کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال کے بجائے پمز لے جایا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔

Leave a reply