
بیلجیئم: تعمیراتی کام کے دوران سیوریج لائن تبدیل کرنے والے مزدور اس وقت حیران رہ گئے جب انہیں زمین سے سونے کے سکے اور ڈلیاں ملیں۔
یہ غیر معمولی واقعہ بیلجیئم کے علاقے Sint-Gillis-Dendermonde میں پیش آیا، جہاں ایک عمارت کی تعمیر نو کے دوران پرانی بنیاد ہٹائی جا رہی تھی۔ کام کے دوران مزدوروں کو زمین میں کچھ چمکتا ہوا دکھائی دیا۔ ابتدائی طور پر انہوں نے اسے عام سکے سمجھا، تاہم قریب سے جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ یہ سونا تھا۔
تعمیراتی ٹیم کے مینیجر ماریو کے مطابق کھدائی کا دائرہ بڑھانے پر مزید سونے کے سکے اور ڈلیاں بھی برآمد ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبے میں 33 سالہ تجربے کے باوجود انہوں نے اس نوعیت کی دریافت پہلے کبھی نہیں دیکھی۔
ٹیم میں شامل ایک 18 سالہ طالب علم نے بھی اس دریافت کو ناقابلِ یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں انہیں یقین ہی نہیں آیا کہ زمین سے واقعی سونا نکل رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ماہرین کی جانب سے جانچ کے بعد خزانے کی مجموعی مالیت تقریباً 1 کروڑ 40 لاکھ ڈالر بتائی گئی، جو پاکستانی کرنسی میں اربوں روپے بنتی ہے۔
تاہم مزدور اس خزانے کے مالک نہیں بن سکے اور دریافت ہونے والا سونا پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ فی الحال اسے ایک فلاحی ادارے کی تحویل میں رکھا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ خزانہ اصل میں کس کا تھا۔ البتہ ریکارڈ کے مطابق مذکورہ عمارت ماضی میں ایک دولت مند خاندان کی ملکیت رہی ہے۔ مقامی قوانین کے تحت ممکنہ مالک کو مقررہ مدت کے اندر خزانے پر اپنا حق ثابت کرنے کا موقع دیا جائے گا، بصورتِ دیگر قانونی ضوابط کے مطابق اس کی ملکیت دریافت کرنے والے اور جائیداد کے مالک کے درمیان تقسیم ہوسکتی ہے۔









